بھٹکل:28/نومبر (ایس او نیوز) آلودگی سے بھرے ہوئے موجودہ سماجی نظام میں ایمانداری غائب ہے ۔ حالیہ نظام کو جوں کا توں قبول کرنے کے بجائے عزیمت کی راہ اپناتے ہوئے نظام کو بدلنے کی جرأت کریں تو معنی خیز ہوگا۔ صحافیوں پر ایمانداروں کو تحفظ دینےکی اہم ذمہ داری ہے اور انہیں یہ کام کرنا چاہئے، ان باتوں کا اظہار سابق وزیر جئے پرکاش ہیگڈے نے کیا۔
وہ یہاں بھٹکل جرنلسٹ اسوسی ایشن اور کاروار ضلع جرنلسٹ اسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ شہر کے کملاوتی شانبھاگ ہال میں ریاستی سطح کے اجلاس کے دوسرے دن ہمہ لسانی مشاعرہ ، تہنیت اور مذاکرہ کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔ جئے پرکاش ہیگڈے نے صحافیوں سے جلد بازی میں ہونے والی خامیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ اس لمحہ اور حالات کی خبروں کو شائع کرنے کی جلدبازی میں خبر کا تجزیہ نہ کرنا قابل تشویش اور افسوس ناک ہے۔ بریکنگ نیوز کے ذریعے کسی فرد کی ہتک ہوتی ہے تو حالات ایسے ہیں کہ وہی صحافی متعلقہ نیوز کو صحیح کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج جمہوری نظام میں جمہور (عوام ) اپنا اختیار کھو چکے ہیں۔ ریاستی ودھان پریشد اورقومی راجیا سبھا میں دانشوروں ، مفکروں کونظر انداز کیا جارہاہے، جو سیاسی پارٹیاں جمہوریت کے متعلق بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنی پارٹی کے اندر کی جمہوریت اور آزادی کے متعلق غور وفکر کریں۔ جس طرح ایک ذمہ دار صحافی ہوتاہے اسی طرح ایک ذمہ دار قاری کا ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے ملک میں جاری بلیک منی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے باہرکے بجائے ملک کے اندر بلیک منی زیادہ ہے۔ ملک کی تمام رقم اگر چلن میں رہتی ہے تو پیداوارمیں اضافہ ہوگا، اسی طرح روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔
کنڑا روزنامہ ’’وجئے کرناٹکا ‘‘ ہبلی زون کے مدیر بنڈو کلکرنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سماجی حالات کی عکاسی کرتے ہوئے ایک صحافی سماج میں عزت پاتاہے، مگر صحافی کو احتساب بھی کرنا چاہئے کہ وہ سماج کے لئے کیا خدمت انجام دیا ہے، اپنے پیشہ سے کتنا انصاف کرپایا ہے ۔ٹی وی 9کاروار کے رپورٹر سندیپ ساگر نے کہاکہ بہت ہی کم مشاہیرے پر ایمانداری سے کام کرنے والے صحافیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، صحافیوں پر ہونے والے حملوں کو سوشیل نیٹ ورک پر پھیلا کر خوشی کا اظہار کرنا بڑے دکھ کی بات ہے، اگر صحافی حضرات متحد ہوجائیں تو ایسے حالات کا پامردی کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک نے صحافیوں سے کہا کہ وہ سماجی مسائل کا حل کرنے کی طرف توجہ دیں اور بھائی چارگی پیدا کرنے کا کام کریں۔ جے ڈی ایس بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے غیرقانونی سرگرمیوں کی رپورٹنگ میں بھٹکل شہر کانام زبردستی کھینچ کر پیش کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ بی جے پی کے مقامی صدر راجیش نائک نے بھی موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔ انڈین جرنلسٹ اسوسی ایشن کے سریش آکوری ، ونود روہلی ، کرناٹکا جرنلسٹ اسوسی ایشن کے ریاستی صدر شیو پوجی ، نائب صدر گوریش شاستری ، ضلعی صدر منجوناتھ نائک وغیرہ موجود تھے۔ منجوناتھ نائک نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔